Wednesday, March 3, 2021
malegaontimes

مالیگاؤں کارپوریشن نے 4 نئی جنازہ گاڑیوں کی سہولت دی: میئر طاہرہ شیخ

دریگاؤں، مالدہ، دیانہ میں نئے قبرستان بھی جلد ہونگے تعمیر : شیخ رشید کا دعویٰ

مالیگاؤں: کارپوریشن کی حدود بڑھنے کے بعد اطراف کے علاقے مالیگائوں میں شامل ہوگئے۔ یہاں پر بنیادی سہولت دینے کیلئے کارپوریشن بھی پابند ہوگئی۔ اسی طرح نئے مالیگائوں کی تعمیر میں چندن پوری گاؤں سے قریب گیارہ ہزار کالونی تعمیر کی گئی اور شہر میں اتی کرمن اور روڈ پر بسنے والے خاندانوں کو منتقل کیا جانے لگا۔ یہاں پر بسائے گئے خاندانوں میں جب کوئی میت ہوتی تو انہیں سپرد لحد کرنے کیلئے شہر کے قبرستانوں کا رخ کرنا پڑتا تھا جس میں سب سے اہم دشواری جنازہ کو قبرستان تک پہنچانا ہوتا ہے۔ اسی دشواری کو دیکھتے ہوئے کل شہر کی میئر طاہرہ شیخ نے کارپوریشن کے جنرل فنڈ سے خریدی گئی چار جنازہ گاڑیوں کا افتتاح کیا۔

اسی طرح مالیگاؤں شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور قبرستانوں کی کمی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے میئر اور ان کے ساتھیوں نے سروے نمبر 107 پوار واڑی علاقے میں ایک نئے قبرستان کو منظوری دی ہے جس کا کام نہایت تیزی کے ساتھ جاری ہے اس طرح کی معلومات میئر طاہرہ شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مضافات کے علاقے میں بسنے والے لوگوں کو جنازہ لے جانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ چاروں پربھاگ میں ایک ایک جنازہ گاڑی فراہم کی جائے۔ انہوں مزید بتایا کہ یہ جنازہ گاڑیاں عوام کومفت میں ملے گی۔ دور دراز علاقے کے لوگ اور میت کےمتعلقین افراد جنازہ گاڑی کے ڈرائیور کو فون کر کے مفت میں گاڑی کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔

شہر کے سابق ایم ایل اے و میئرشیخ رشید نے بتایا کہ ہم شہر کے دیگر علاقوں میں دیانہ، مالدہ، درے گاؤں میں بھی نئے قبرستان بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان چاروں جنازہ گاڑیوں کی 26 جنوری سے خدمات عام کردی جائے گی۔ اس افتتاحی تقریب میں میونسپل کمشنر ترمبک دیپک کاسار اور نائب میئر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، نائب کمشنر نتن کاپڑنیس، اتی کرمن انچارج راجو کھیرنار، نائب میئر نلیش آہیر، سکھا رام گھوڑکے، رضوان ممبر، کارپوریٹر شاہد ریشم والا، صغیر ٹریکٹر والا، پپو اناؤنسر، منصور شبیر احمد، محمد مسلم، شکیل جانی بیگ، عمران شیخ رشید وغیرہ شریک تھے۔

error: Content is protected !!