ریاست مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں اراکین کی کمی کے پیش نظر مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل اور این سی پی سے رکن پارلیمان فوزیہ تحسین خان کو مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔اس ضمن میں حکومت کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری جے شری مکھرجی نے دونوں ہی نمائندوں کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے، اس کے علاوہ ریاستی وزیر برائے اوقاف و اقلیتی امور نواب ملک نے بھی اس تقرری کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کے سید امتیاز جلیل اور این سی پی کی فوزیہ خان مہاراشٹر سے دو ہی مسلم رکن پارلیمان ہیں، اسی وجہ سے دونوں کو وقف بورڈ کی رکنیت دی گئی ہے اور یہ دونوں رکن وقف کے تحفظ کے سلسلے میں مزید فعالیت کے ساتھ اقدامات کرسکیں گے۔
ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ ایم ایل اے اور ایم پی منتخب ہونے کے بعد وقف اراضیات کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل رہا ہے اور اب بورڈ کی رکنیت حاصل ہونے کے بعد ان کے لیے یہ کام مزید آسان ہوجائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ جالنہ روڈ پر وقف اراضی کی خرید وفروخت اور دیگر بدعنوانیوں کے خلاف 26 فروری کو ضلع کلکٹر دفتر پر احتجاج کیا جائے گا، اس سلسلے میں انتظامیہ سے اجازت کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، وقف بورڈ پر دونوں ہی مسلم قائدین کی تقرری کے بعد ریاست میں لوگ خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔