Friday, February 26, 2021
malegaontimes

درخت میں باندھ کر زندہ جلا دیا گیا، یوپی میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا

اترپردیش میں بریلی کے علاقے شیش گڑھ سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں پر ایک 45سالہ شخص کو خاردار تاروں سے باندھ کر پرانی دشمنی کے سبب زندہ آگ لگا دی گئی۔ دھرمپال کی جلی ہوئی لاش کی خبر سنیچر کی رات کو آئی اور اتوار کی شام دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

شیش گڑھ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) راجکمار بھاردواج نے کہا، “ہماری فارنسک ٹیم نے نمونے اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اب تک کے ثبوتوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس شخص کو درخت میں باندھ کر زبردستی آگ کے حوالے کیا گیا تھا۔”

اتوار کو پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں پتا چلا ہے کہ مرنے سے پہلے دردناک طریقے سے جلانے کی وجہ یہ شخص فوت ہوا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دھرم پال اس وقت زندہ تھا جب اسے آگ لگائی گئی تھی۔

مقتول کے بھائی بھیشن لال نے بتایا کہ دھرم پال کو اغوا کرکے قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا، “وہ جمعہ کی رات کھانے کے بعد سونے کے لئے چلا گیا تھا اور اس کے بعد کچھ گھنٹوں کے لئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ اس کی جلی ہوئی لاش گھر سے 800 میٹر کے فاصلے پر ملی تھی۔ اس کے پاؤں پر چپل نہیں تھی۔”

دھرم پال کی بیٹی نے اس قتل کا ذمہ دار پڑوسیوں کو قرار دیا ہے۔ اہل خانہ نے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کی ہے۔ پولس کی جانب سے ان کے اہل خانہ سے تحریری طور پر شکایت درج کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ “

error: Content is protected !!