بی سی سی آئی اور تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ہند۔ انگلینڈ دوسرے ٹسٹ میں 50 فیصد شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت دی جائے گی اور میڈیا نمائندوں کو بھی پریس باکس سے مقابلے کا مشاہدہ اور اس کا احاطہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
تمل ناڈو کرکٹ اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ اِس مسئلہ پر کورونا وائرس کے موجودہ شرائط و قواعد کے ضمن میں تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 فیصد شائقین کی آمد و رفت کے علاوہ دیگر عہدیداروں کو بھی داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ عہدیداروں نے مزید کہا ہے کہ مرکزی حکومت جوکہ اسپورٹس کے مقامات پر عوام کے داخلہ کی اجازت اور کورونا کے قواعد جاری کئے ہیں، جس پر عمل کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 ہزار شائقین کی گنجائش والے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں 50 فیصد شائقین کی اجازت دی جائے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ یہاں 5 فروری کو شروع ہوگا جبکہ 13 فروری کو تیسرے ٹسٹ کا آغاز ہونے والا ہے جس کے لئے 50 فیصد شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں تیسرے اور چوتھے ٹسٹ کا جو احمدآباد میں انعقاد ہورہا ہے، اُس میں پہلے ہی شائقین کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت دی جاچکی ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ میڈیا نمائندوں کو بھی پریس باکس سے مقابلے کا مشاہدہ اور اس کی خبریں نشر کرنے کی اجازت دی جائے گی تاہم میڈیا کانفرنسس آن لائن ہی منعقد ہوں گی۔