Saturday, March 6, 2021
malegaontimes

جلد ہی شروع ہوجائیگی کشمیر میں فلموں کی شوٹنگ، پروڈیوسرز کے وفد نے کیا دورہ

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز وادی میں فلم سازی کے لئے گلمرگ، پہلگام اور دیگر مقامات میں فلمی پروجیکٹوں کے لیے قدرتی مناظر تلاش کررہے ہیں۔بالی ووڈ کے وفد نے آج ڈائریکٹر ٹورزم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو کے ہمراہ قدرتی حسن سے مالا مال مقام پہلگام کا دورہ کیا۔

جو معروف فلمساز وادی آئے ہیں اُن میں اجے دیوگن فلمز، سنجے دت پروڈیکشن، رلائینس انٹر ٹینمنٹ، روہت شیٹھی فلمز، ذی اسٹڈیوز، ادھیکاری برادرز اور ایس اے بی مراٹھی اینڈی مول، راج کمار ہرانی، ایکسل انٹر ٹین منٹ کے علاوہ پرڈیوسرز گلڈ کے نمائندگان شامل ہیں۔

ڈائریکٹر ٹورزم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کووڈ پروٹوکول کو مدنظر رکھتے ہوئے وادی میں سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز ہوا ہے۔ جبکہ بالی ووڈ سے منسلک افراد کا کشمیر دورہ کافی مثبت ثابت ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام کو ونٹر ٹورسٹ ڈسٹنیش بنانے کے لئے بھی کوششیں تیز کر دی جائیں گی۔ پہلگام میں بالی ووڈ کے وفد کے ہمراہ دورے کے دوران ایتو نے ان باتوں کا اظہار کیا۔

ادھر بالی ووڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی کشمیر کو فلمی دنیا کے لیے ایک موزوں جگہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کشمیر میں فلم شوٹنگ کے دوبارہ شروع کے ساتھ ہی مقامی لوگوں اور ہنر مند افراد کےلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔اس دوران کئی وفود نے فلمی دنیا کے وفد سے ملاقات کی اور سیاحت کو فروغ دینے کےلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ جبکہ وفد نے شوٹنگ کے لیے موزوں کی مقامات کا بھی معائنہ کیا۔

error: Content is protected !!