Wednesday, March 3, 2021
malegaontimes

لاؤڈ اسپیکر پر پکارا نہ کرنے کے باوجود پھر سے پکارا شروع

مالیگاؤں (نامہ نگار) کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہر میں مُردوں کا پکارا کرنے والی پکارا ایسوسی ایشن نے گزشتہ دنوں ایک تفصیل جاری کرکے کہا تھا کہ میت کا پکارا فی الحال احتیاطی طور پر لاؤڈ اسپیکر پر نہیں دیا جائے گا۔ شہر میں شرح اموات اچانک بڑھ جانے اور لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول برقرار رہنے نیز بیک وقت کئی پکارے سے مزید اس میں اضافہ ہونے کی وجہ سے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں کہ لاؤڈ اسپیکر پر پکارا نہ کیا جائے۔ دو تین دن تک اس پر عمل در آمد کیا جاتا رہا لیکن شہریان کی جانب سے اس بات پر توجہ مبذول کروائی گئی کہ لاؤڈ اسپیکر پر پکارا شروع کردیا گیا ہے اور ایک ساتھ پھر دو ، تین پکارا کیا جارہا ہے۔ لہٰذا احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہے۔

جمیعۃ  علماء سمیت سرکردہ افراد نے میت کا پکارا لاؤڈ اسپیکر پر کرنے سے فی الحال اجتناب کا مشورہ دیا تھا اور ایسوسی ایشن نے بھی کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا تک میت کا پکارا لاؤڈ اسپیکر پر نہیں کیا جائے گا، لیکن پکارا کرنے والی ایسوسی ایشن سے جڑے کئی افراد اس کی خلاف ورزی کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس ضمن میں شہریان نے توجہ مبذول کروائی ہے کہ صرف عوام کے لیے اعلان کرنے تک کا یہ اقدام نہیں اٹھایا گیا تھا، عملی طور پر لاؤڈ اسپیکر پر پکارا نہ کرکے شہریان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ یوں بھی شہر میں پاورلوم کی گڑگڑاہٹ پر سکون ہے، تمام کاروبار بند ہیں لہٰذا پکارے کی آواز دور تک سنائی جاتی ہے تو بغیر مائیک کے ہی پکارا کیا جائے اور شہریان کو مزید خوف و دہشت کا شکار نہ بنایا جائے۔

error: Content is protected !!