Saturday, February 27, 2021
malegaontimes

مالیگاؤں کے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے کرشن پرکاش کی تقرری کا رضا اکیڈمی کا مطالبہ

مالیگاؤں (راست) شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے حملوں اور اموات کی شرح میں ہونے والے اضافوں کے مد نظر رضا اکیڈمی کے مقامی صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی اور شکیل احمد سبحانی نے مہاراشٹر کے اسپیشل آئی جی برائے وی آئی پی سیکیورٹی کرشن پرکاش سے گفتگو کی اور شہر میں عوام کو در پیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے ان سے مالیگاؤں میں اپنی خدمات انجام دینے کی پرزور گزارش کی، اس ضمن میں ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے کہا کہ اس گفتگو کے بعد ہمیں علم ہوا کہ موصوف مالیگاؤں کے موجودہ حالات اور مسائل سے نہ صرف واقف اور آگاہ ہیں بلکہ وہ مالیگاؤں کے لیے بہت زیادہ فکر مند بھی ہیں، انہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ اگر ریاسی حکومت مجھے مالیگاؤں میں خدمت انجام دینے کا موقع دیتی ہے تو میں اس ذمہ داری کو قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔ شکیل احمد سبحانی نے بتایا کہ اس تعلق سے ہم نے رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری سے جب بات کی تو موصوف نے کہا کہ آپ لوگ ریاستی وزراء نواب ملک اور اسلم شیخ ان دونوں صاحبان سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں تفصیلات سے آگاہ کریں ، ان حضرات نے توجہ دی تو یہ کام ممکن ہوسکتا ہے۔

موصوف نے کہا کہ ہم بھی ان سے بات کرتے ہیں اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اس تعلق سے شرد پوار اور وزیر اعلیٰ مہاراشٹر شری ادھو ٹھاکرے و نائب وزیر اعلیٰ شری اجیت پوار سے بھی گفتگو کی جائے گی اور ان سے درخواست کی جائے گی۔ ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے ریاستی وزراء نواب ملک اور اسلم شیخ سے اپنی گفتگو میں کہا کہ مالیگاؤں شہر کو کورونا وائرس  کی وباء سے نجات دلانے کے لیے ایسے بڑے اور فوری اقدام ضروری ہیں جس سے عوام اور انتظامیہ کے مابین اعتماد کا ماحول قائم ہوسکے اور اس کے لیے سب سے موزوں نام آئی جی کرشن پرکاش کا ہی ہے، کرشن پرکاش سے نہ صرف مالیگاؤں کے عوام بے پناہ محبت کرتے ہیں بلکہ موصوف خود بھی اس شہر سے اور اس شہر کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب مالیگاؤں ایک انتہائی مشکل امتحان سے گزررہا ہے تو وہ شہر میں آکر اپنی خدمات انجام دینے کو تیار ہیں۔

error: Content is protected !!