شہر کے مغربی علاقوں میں اچانک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے سے ہلچل مچی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک گھر کے 9 افراد پر اس بیماری کا اثر ہوا۔ ایک دوسری تفصیل ہے کہ مذکورہ بیماری سے متاثر 49 میں سے 25 افراد کے لعاب کی جانچ میں پتہ چلا کہ انہیں کورونا وائرس کے مثبت اثرات ہیں۔ جب کہ 24 کی حالت نیگیٹیو ہے۔ ایک تفصیل کے مطابق جو متاثر ہوئے ہیں ان میں 13 مرد اور 12 خواتین شامل ہیں۔ بھوانی چوک سمکسیر، تلک نگر کے ساتھ ساتھ موسم پلازہ اور ٹوکرے دیہات سے ایک ایک مریض متاثرہ ملے ہیں۔ دوسری جانب شہر کے مشرق میں جہاں سارے کاروبار جاری ہیں وہاں گذشتہ کئی دنوں سے مہلک بیماری کے مریض نہیں ملے ہیں۔ جب کہ کاروبار جاری رہنے سے ہر جگہ انسانی ہجوم کی کیفیت بھی زبردست بتائی جاتی ہے۔ مالیگاؤں کے موجودہ حالات پر سب ہی کو سنجیدگی سے غور و خوض کرکے اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وقت کا تقاضہ یہی ہے کہ قانونی تقاضوں اور ہدایتوں پر عمل کیا جائے۔ ماسک لگائے جائیں، انسانی ہجوم میں ضرورت کے مطابق فاصلہ رکھا جائے۔ نیز احتیاط ضروری ہے۔ کیوں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔