malegaontimes

پنجاب کے سات میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس کا قبضہ، بی جے پی کا پوری طرح صفایا

پنجاب میں برسراقتدار کانگریس نے اہم اپوزیشن پارٹیوں عام آدمی پارٹی، شرومنی اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا صفایا کرتے ہوئے آج ریاست کے ساتوں میونسپل کارپوریشن اور 109 وارڈ ممبر کے الیکشن میں زبردست فتح حاصل کی ہے ۔ چیف منسٹر امریندر سنگھ کی زیرقیادت ریاستی کانگریس نے ابوہر، بٹھنڈا، کپورتھلا، ہوشیار پور، پٹھان کوٹ، موگا اور باٹلہ میونسپل کارپوریشن میں جیت درج کی ہے ۔

ریاست میں 7میونسپل کارپوریشن اور 109 وارڈ ممبر کے لیے گذشتہ 14 فروری کو ہوئے الیکشن میں جملہ9222 امیدوار میدان میں تھے ۔ پنجاب ریاستی الیکشن کمیشن نے منگل کے روز ایس اے ایس میونسپل کے دو ووٹنگ مراکز پر پولنگ کے دوران بے ضابطگی کی رپورٹ ملنے کے بعد 17 فروری کو دوبارہ ووٹنگ کروانے کا حکم دیا۔ یہ پٹیالہ ضلع میں پٹران اور سمانا کی میونسپل کونسل کے تین ووٹنگ مراکز سے الگ ہے جہاں 14 فروری کو ای وی ایم خراب ہونے کی اطلاعات کے بعد منگل کے روز ووٹنگ ہوئی تھی۔

کمیشن نے ان بوتھ میں پہلے ہوئی ووٹنگ کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور ان دونوں بوتھ پر 17 فروری کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ کرنے کا حکم دیا۔ ایس اے ایس نگر کے پورے میونسپل کارپوریشن کیلئے رائے شماری 18 فروری کو ہوگی۔ چند مقامات پر جھڑپ کے واقعات کے درمیان اتوار کوپنجاب میں سو سے زیادہ بلدی حلقوں کے انتخابات میں 70 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ ٹیکنیکل تعلیم کے وزیر چرن سنگھ چنی کے بھائی ضلع موہالی کے کھار میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 24 کا الیکشن ہار گئے ۔

error: Content is protected !!