Thursday, February 25, 2021
malegaontimes

یوپی میں خوفناک سڑک حادثہ، تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر چکنا چور، 10افراد جائے حادثے پر ہلاک

اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے کندرکی علاقے میں ہفتے کے روز گھنے کہرے میں ایک کنٹینر اور بس کے مابین ہونے والی خوفناک ٹکر میں کم از کم 10 مسافروں کی موت ہوگئی، جبکہ 11 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجے مراد آباد-آگرہ ہائی وے پر بلاری سرکل میں حسین پور پلیا نان پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ڈرائیور والی سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ ان دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے ساتھ ہی ایک 10 ٹائر والا ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ اس خوفناک ٹکر میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ حادثے کی زد میں آئے زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 2،2 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا مناسب علاج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے ہفتے کے روز ہونے والے اس سڑک حادثے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہے۔

error: Content is protected !!